ویب ڈیسک: اوورسیز انوسٹر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) سروے 2025 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان پر اظہار اعتماد کردیا ہے۔
او آئی سی سی آئی سروے رپورٹ کے مطابق 73 فیصد غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری پر مطمئن ہیں۔ ایس آئی ایف سی، کی کاوشوں نے پاکستان کوترقی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے نئے باب روشن کر دیے۔سرمایہ کار دوست پالیسی کی بدولت پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا۔
او آئی سی سی آئی کے سروے 2025 کے مطابق "مستقبل کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے تین چوتھائی سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کوقابلِ اعتماد سمجھتے ہیں"۔ 2025 میں 73فیصد غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیا۔
سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں یہ شرح 61 فیصد تک ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہ اضافہ معیشت میں بہتری، بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور پاکستانی روپے کے استحکام کی بدولت ممکن ہوا۔ مہنگائی کی شرح میں 37 فیصد سے4 فیصد تک نمایاں کمی بھی غیر ملکی سرمایہ کاری کےمثبت رجحان کا باعث بنی۔
او آئی سی سی آئی کے صدر، یوسف حسین کا کہنا ہے کہ "ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الحکومتی ہم آہنگی کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کیا "۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے آئی ٹی ، زراعت، توانائی، فارما اور برآمدی صنعت کو سرمایہ کاری کے لیے سب سے پرکشش شعبہ قرار دیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کو مزید دوام بخش رہا ہے۔