ویب ڈیسک: بابا گرو نانک کے 556 ویں جنم دن کی مذہبی رسومات میں شرکت کے لیے سکھ یاتریوں کو لے کر خصوصی ٹرین کراچی سے روانہ، وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
وزیرِ ریلوے کی ہدایت پر ٹرین میں سوار سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے، دورانِ سفر ٹرین سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان ریلوے کراچی ڈویژن کی جانب سے خصوصی ٹرین آج یکم نومبر کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے صبح 11 بجے روانہ ہوئی۔
ٹرین ننکانہ صاحب میں 2 نومبر کی صبح ساڑھے 8 بجے پہنچے گی، اسپیشل ٹرین 14 کوچز پر مشتمل ہے، جن میں 12 اکانومی، 1 اے سی بزنس کوچ، اور 1 پاور وین شامل ہے۔
کراچی سے روانگی کے وقت 9 کوچز اٹیچ کی گئیں، جب کہ روہڑی اور لاڑکانہ سے مزید 5 کوچز شامل کی گئیں، مجموعی طور پر 950 سکھ یاتری اس اسپیشل ٹرین میں سفر کر رہے ہیں۔
بابا گرو نانک کی مرکزی تقریبات 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب میں منعقد ہوں گی، سکھ یاتریوں کی واپسی 6 نومبر کو اسی ٹرین کے ذریعے ہوگی۔