اداکار محب مرزا اکثر اپنی شادی سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہیں مگر حال ہی میں اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اداکارہ صنم سعید کو شادی کیلئے کب پروپوز کیا تھا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں میزبان کی جانب سے محب مرزا سے سوال پوچھا کہ آپ صنم سعید سے کیسے ملے؟جس پر محب مرزا نے جواب دیا کہ ’میں اس سوال کو مزید مسالے دار بنا دیتا ہوں کہ میری صنم سے کب رومانوی انداز میں ملاقات ہوئی، اس کا جواب دے دیتا ہوں۔‘ انہوں ے کہا کہ 2018 کے ڈراما سیریل ’دیدن‘ کے سیٹ پر انہوں نے صنم سعید کو پروپوز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’دیدان کی شوٹنگ کے دوران میں نے صنم سے اظہار خیال کیا تھا‘، محب مرزا نے اس سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ۔ واضح رہے کہ محب مرزا اور صنم سعید کے ڈراما سیریل دیدن کی شوٹنگ پاکستان کے شمالی علاقوں میں کی گئی تھی، اس ڈرامے میں دو پختونوں کی پیچیدہ محبت کی کہانی پیش کی گئی تھی جن کا تعلق مختلف قبائل سے تھا، یہ ڈراما اکتوبر 2018 میں نشرکیا گیا تھا۔ صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کی افواہیں کئی سال سے گردش کررہی تھیں، دونوں کو اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا، لیکن دونوں اداکار اپنی شادی کا سوال نظر انداز کر دیتے، آخر کار مارچ 2023 میں ایک پروگرام کے دوران محب مرزا نے صنم سے دوسری شادی پر خاموشی توڑی تھی۔ تاہم اس کے بعد بھی محب مرزا اور صنم سعید اپنی شادی سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہیں۔ صنم سعید کے ساتھ محب مرزا کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی شادی اداکارہ آمنہ شیخ سے ہوئی تھی، تاہم شادی کے 14 سال بعد 2019 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ دونوں ستارے 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔