ویب ڈیسک: اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی اب تک ماہانہ کارکردگی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ پروگرام کے آغاز سے اب تک کسی بھی ایک ماہ میں سب سے زیادہ خاندانوں کو قرضہ جات کی فراہمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ ستمبر میں کل23,365 خاندانوں کو تعمیر کے آغاز کے لیے قرضہ جات فراہم کیے گئے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر خصوصی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ پروگرام ڈائریکٹر اپنی چھت اپنا گھر مرزا ولید بیگ نے اجلاس کی صدارت کی۔
گزشتہ ماہ 17 ارب سے زائد کی خطیر رقم اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت دی گئی۔ گزشتہ ماہ 13,163 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض کی پہلی قسط فراہم کی گئی۔ گزشتہ ماہ10,202خاندانوں کو گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے دوسری قسط کا اجراء کیا گیا۔ ماہ ستمبر میں کل 7,474 خاندانوں نے اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر لی۔
پروگرام کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر صوبہ بھر میں 86,906 خاندانوں کو قرضہ جات کی فراہمی کی جا چکی ہے۔ 54,754 خاندانوں کو دوسری قسط بھی فراہم کی جا چکی ہے۔ صوبہ بھر میں 19,151 خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں۔ 76,883 خاندان گھروں کی تعمیر میں مصروف ہیں جوکہ جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ 104 ارب روپے کی خطیر رقم صوبہ بھر میں گھروں کی تعمیر کے لیے خرچ کی گئی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام باعزت طرز زندگی کی ضمانت بن گیا ہے۔ ہر شہر ہر دیہات میں اپنی چھت اپنا گھر سے مستفید خاندانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام لوگوں کی زندگیاں بدل رہا ہے۔ مستحق خاندانوں تک رسائی کے لیے صوبہ بھر میں دفاتر قائم ہیں۔ آن لائن درخواست کا طریقہ کار انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔