ویب ڈیسک: (سمیع الدین) غزہ میں اسرائیلی مظالم اور محاصرے کے باعث خوراک سے محروم فلسطینیوں کیلئے دنیا بھر سے امداد پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ایسے میں گلوبل صمود فلوٹیلا اسرائیلی محاصرہ توڑنے کی کوشش میں غزہ کی ساحلی پٹی کے نزدیک پہنچ چکا ہے، امداد کی منتظر ایک معصوم فلسطینی بچی کی غزہ کی ساحلی پٹی سے ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔جس میں اسے ساحل پر گلوبل صمود فلوٹیلا کا انتظار کرتے اور ڈرائنگ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
صمود فلوٹیلا مظلوم فلسطینیوں کو امدادی سامان پہنچانے کیلئے منزل کی جانب گامزن ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچی غزہ کے ساحل پر بیٹھی صمود فلوٹیلا کی کشتیوں کا انتظار کر رہی ہے جو اُن بھوکے اور پیاسے لوگوں کیلئے امید کی کرن ہے۔
بچی کے ہاتھ میں ایک کاپی اور پنسل ہے جس کی مدد سے اُس نے ایک ڈرائنگ بنائی ہے جس میں ایک طرف غزہ کی تباہی اور بے یار ومدد گار فلسطینیوں کا دکھایا گیا ہے اور دوسری طرف سمندر میں صمود فلوٹیلا کے امدادی قافلوں کو غزہ کی طرف بڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
غزہ کے ساحل پر بیٹھی معصوم فلسطینی بچی صمود فلوٹیلا کا انتظار کر رہی ہے۔ pic.twitter.com/stTpY2EYuh
— RTEUrdu (@RTEUrdu) October 1, 2025
دوسری جانب، صہیونی افواج کا غزہ کی امداد کیلئے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والا گلوبل صمود کا بحری بیڑا اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے اور ہائی رسک زون میں داخل ہونے پر اسرائیلی بحری بیڑے کی دو اہم کشتیوں نے اُن کو گھیرے میں لے کر ان کے مواصلاتی آلات کو جام کردیا ہے۔
اسرائیل بحری بیڑے کو روکنے کیلئے کچھ کشتیوں کو سمندر میں ڈبونے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے۔