ویب ڈیسک:بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں، کارروائیاں 30 سمتبر اور یکم اکتوبر کو کی گئیں ، دو مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 13 خوارج ہلاک ہوگئے، صدر مملکت، وزیراعظم، وزیرداخلہ اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 10 بھارتی حمایت یافتہ خارجی ہلاک ہوئے جبکہ کیچ میں کارروائی کے دوران 3 خارجی کو ہلاک کیا گیا۔
کیچ آپریشن میں خارجیوں کے زیر استعمال ٹھکانے کو بھی تباہ کیا گیا، ہلاک خارجیوں اور دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ و بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین کیا، صدرِ مملکت نے کہا فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بہادری اور مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
دہشت گردوں کی ہلاکت ملک میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، قوم اپنے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں اور شجاعت پر فخر کرتی ہے، پاکستان سے فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم اٹل ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےضلع کوئٹہ اور ضلع کیچ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور ملک کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف 2 کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ، اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشنز کرکے بھارتی سپانسرڈدہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں، بھارتی سپانسرڈدہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ عوام امن کی زندگی بسر کرسکیں، پاک فورسز جنگی حکمت عملی میں کمال کی صلاحیت رکھتی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے اور بحالی امن کے لیے سیکورٹی فورسز نے تاریخی قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے وقت آگیا ہے، بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم ہمیشہ اپنے بہادر سپوتوں پر فخر کرے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف دو کامیاب آپریشن کیے، آپریشنز میں 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا، بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پاکستان کے بہادر جوانوں کو پوری قوم کا سلام ہے۔
بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں رہیں گی، حکومت بلوچستان اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔