سیلاب سے متاثرہ طلبہ کو خصوصی مراعات کا فیصلہ

سیلاب سے متاثرہ طلبہ کو خصوصی مراعات کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے لئے خصوصی مراعات کا بڑا پیکج دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کے لئے وزیراعظم نے پیکج کی تیاری کی ہدایات دی ہیں۔ وزیراعظم نے فیسوں کی معافی، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لئے خصوصی وظائف کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمل درآمد کے طریقہ کار کے لئے وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمشن نے مل کر کام شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیموں کے علاوہ میڈیکل کیمپس اور عارضی سکول بھی قائم کئے جائیں گے وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں تعلیمی پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت سیلاب متاثرہ تمام علاقوں کے طالب علموں کو مختلف مراعات دی جائیں گی۔ ان مراعات میں یونیورسٹی کی واجب الادا فیسوں کی وصولی موخر کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لئے خصوصی سکالرشپ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس ضمن میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کے چئیرمین کے علاوہ وزارت تعلیم کے اعلی حکام، منسلک اداروں کے سربراہان، وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں عوام کی فوری ضروریات میں اپنا حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ خوراک، خیموں، ادویات کی فراہمی، میڈیکل کیمپس کے قیام کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔