مقدمہ جیتنے کی خوشی راس نہ آئی، شہری جان کی بازی ہار گیا

مقدمہ جیتنے کی خوشی راس نہ آئی، شہری جان کی بازی ہار گیا
بٹگرام کا عمر رسیدہ شخص عمر علی جس نے 18 سال بعد زمین کے تنازع کا مقدمہ جیتا اور اس جیت کی خوشی میں جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق جب بزرگ نے استفسار کیا کہ وکیل صاحب کیا فیصلہ ہوا؟ جواب ملا کہ باباجی آپ کے حق میں فیصلہ ہو گیا ہے۔ یہ سننےکی دیر تھی کہ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر تین کے سامنے بٹگرام کے عمر رسیدہ شخص عمر علی کی آنکھیں خوشی سے بھر آیئں اور حیران ہو کر اپنے وکیل ثنا اللہ زاہد کی طرف دیکھتے ہوئے فرط جذبات سے کہا ’وکیل صاحب میرے حق میں فیصلہ ہو گیا؟‘ وکیل نے جواب دیا کہ’ہاں جی آپ کے حق میں ہوگیا‘، یہ کہہ کر وکیل صاحب تو آگے بڑھ گئے مگر اچانک لوگوں نے وکیل صاحب کو آوازیں دے کر کہا کہ آپ کا موکل گر گیا ہے۔ ’میرے حق میں فیصلہ ہو گیا‘ یہ وہ آخری الفاظ تھے جس کے بعد بٹگرام کے رہائشی کو دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گیا، انہیں طبی امداد دی گئی، ایمبولینس منگوائی گئی لیکن پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹرز نے کہا عمر علی اس دنیا میں اب نہیں رہے۔ خیال رہے کہ 2003 میں عمر علی نے بٹگرام میں تین کنال اراضی خریدی تو ہمسائیوں نے مقدمہ کر دیا اور عمر علی ماتحت عدالت سے عدالت عالیہ تک گئے لیکن ہائیکورٹ نے بھی اس کے خلاف فیصلہ دے دیا۔ عمر علی نے 2017 میں فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس کی 5 سال بعد پہلی سماعت پر ہی جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے دلائل سننے کے بعد عمر علی کی اپیل منظور کر لی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کر دیا گیا۔ یوں 18 سال بعد عمر علی کو ملنے والے انصاف کی خوشی نے ہی اس کی جان لے لی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔