سرگودھا: سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ قوم کو اکھٹا کرنے کی کوشش کروں گا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اکھٹا کروں گا، اوورسیز پاکستانیوں کو متحرک کر کے قرضہ اتارنے میں مدد لوں گا۔ سرگودھا میں جلسسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 26 سال کی سیاست میں میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ سرگودھا میں اتنی زیادہ تعداد میں اتنے لوگ میرے جلسے میں آئیں گے، میں آج آپ کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، یہاں نوجوان، بزرگ، آئی ایس ایف کے ٹائگرز موجود ہیں، پر سب سے زیادہ خواتین دکھ رہی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، سیلاب متاثرین کے مسائل حل کریں گے، ساری پاکستانی قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، 3 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ٹیلی تھون میں ساڑھے 500 کروڑ روپے سے زائد جمع کیے، بیرون ملک پاکستانیوں نے دل کھول کر پیسہ دیا، اگر وقت ہوتا تو مزید ساڑھے 5 ارب روپے جمع ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں طاقتور کیلئے ایک قانون اور کمزور کیلئے دوسرا قانون ہے، بڑا ڈاکو چوری کرے تو وہ ملک کا وزیراعظم بن سکتا ہے، واحد لیڈرتھا جسے آزاد عدلیہ کیلئے جیل میں ڈالا گیا، میں نے جیل میں 4،5 دن گزارے، وہاں مجھے سارے غریب چور نظر آئے، جب اسمبلی گیا تو وہاں بڑے بڑے ڈاکو نظر آئے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک چور اوپر بیٹھے رہیں گے ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، بیرونی سازش ہوئی امریکہ کو اپنے غلام چاہیے تھے، 17 جولائی کو جب پہلا الیکشن آیا تو ہر حربہ استعمال کیا گیا، سب کوششو ں کے باوجود حمزہ شہباز کو فارغ کرنا پڑا، انہیں خوف آنا شروع ہو گیا کہ اگر الیکشن کروایا تو کیا ہو گا؟ انہیں میری دو تہائی اکثریت نظر آنا شروع ہو گئی، اس کے بعد مجھے ناک آؤٹ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، دوسری سازش مجھے راستے سے ہٹانے کیلئے کی گئی، بند کمرے میں فیصلہ ہوا لیکن مجھے پتہ چل گیا۔میں نے ایک ویڈیو بنائی ہوئی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو میری قوم ان چاروں کو نہیں چھوڑے گی۔