ویب ڈیسک: چند ماہ قبل اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو شادی سے انکار پرگھر میں گھس کر بےدردی سے قتل کردیا گیا تھا۔ شہراقتدار سے ایک اور ٹک ٹاکر کے مبینہ اغواء کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ ٹک ٹاکر نے سنسنی خیز انکشاف کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق _samiyashianz_ نامی انسٹاگرام آئی ڈی سے ایک ٹک ٹاکر کا ویڈیو بیان منظرعام پر آیا ہے۔ جس کا نام سمیعہ حجاب جعفری بتایا جارہا ہے۔ ویڈیو بیان میں ٹک ٹاکر نے اپنے مبینہ اغواء اور جان سے مارنے کی دھمکی کا انکشاف کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔ جس میں ایک لڑکے کو ٹک ٹاکر کو زبردستی گاڑی میں بٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو بیان میں ٹک ٹاکر نے مبینہ اغواء کار کا نام حسن زاہد بتایا ہے اور اس کا تعلق لاہور سے بتایا جارہا ہے۔ ٹک ٹاکر نے انکشاف کیا کہ شادی سے انکار پر اسے گزشتہ تین ماہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
ٹک ٹاکر نے بتایا کہ آج شام ملزم اس کے گھر کے باہر آیا اور جب وہ دروازے پر آئی تو اس نے موبائل چھینا اور گاڑی کی طرف چل پڑا۔ جب وہ موبائل لینے گھر سے باہر نکلی تو ملزم نے زبردستی اسے گاڑی میں دھکیل کر اغواء کی کوشش کی۔
ٹک ٹاکر نے ثناء یوسف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میری دوست بھی اسی ریجکشن کی وجہ سے ماری جاچکی ہے لیکن میں ثناء نہیں بننا چاہتی۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد سمیت حکومت سے درخواست کی کہ ملزم کو پکڑ کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے تاکہ ان جیسی دیگر لڑکیاں بھی معاشرے میں محفوظ رہ سکیں۔