ویب ڈیسک: افغانستان میں گزشتہ شب آنے والے تباہ کن زلزلے نے تباہی مچادی۔ جس کے نتیجہ میں 600 سے زائدافراد کے جاں بحق ہونے جبکہ سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ زلزلے کا مرکز افغان صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا۔ جب کہ زلزلے کی گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا اور صرف 20 منٹ کے بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا۔ جس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔
Sadly, tonight's earthquake has caused loss of life and property damage in some of our eastern provinces.
— Zabihullah (..ذبـــــیح الله م ) (@Zabehulah_M33) August 31, 2025
Local officials and residents are currently engaged in rescue efforts for the affected people.
Support teams from the center and nearby provinces are also on their way,
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے، مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و بحالی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کا اظہارافسوس:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے مشرقی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر شدید رنج کا اظہاربھی کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ سینکڑوں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان اور درجنوں قصبوں کی تباہی پر متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔غم کی اس گھڑی میں افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کو ہرممکن امداد کی پیشکش بھی کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، پشاور اور مردان سمیت مختلف اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے آئے، اسی کے ساتھ ساتھ چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا تھا کہ 12 بج کر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے تھے۔