ویب ڈیسک: سابق کپتان وسیم اکرم نے آوٹ آف فارم بابر اعظم کو فارم میں واپس آنے کا بڑا مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان نے اسٹار بلے باز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے اُن کو مشورہ دیا کہ وہ ہر قسم کی تنقید کو نظر انداز کرے اور اپنے ٹیلنٹ پر اعتماد کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کیلئے بہترین اننگز کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ بابر نہ صرف پاکستان کے سپر اسٹار ہیں بلکہ اُن کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے۔
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ بابر بھر پور محنت کے ساتھ اپنی پریکٹس کو جاری رکھے مجھے یقین ہے کہ وہ جلد اپنی کلاس بحال کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابر بڑے کھلاڑی ہیں وہ مستقبل میں پاکستان کو بڑے میچوں میں کامیابی دلوائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وسیم اکرم نے بابر کو تین ملکی سیریز اور ایشیا کپ میں ڈراپ کرنے پر بھی پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اسٹار بلے باز اس وقت فارم کے بحران سے گزر رہے ہیں، ان کی آخری انٹرنیشنل سنچری ایشیا کپ 2023 میں نیپال کے خلاف بنی تھی۔ اس کے بعد سے وہ تین ہندسوں تک پہنچنے میں ناکام رہے ہیں۔ اُن کو کم اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے قومی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بھی ڈراپ کر دیا گیا تھا۔