(ویب ڈیسک) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے ایک بار پھر بھارت کو اندر گھس کر مارنے کی دھمکی دیدی۔
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اسلام آباد مانومینٹ پر سید علی گیلانی کارنر پر میڈیا سے گفتگو کی۔انہوں نے اسلام آباد مانومینٹ پر سید علی گیلانی کارنر کا معائنہ کیا اور بابائے حریت کی زیر استعمال چیزیں دیکھیں۔
اس موقع پر وزراء حکومت ،چوہدری رشید ،احمد رضا قادری ،حریت قیادت ،یونیورسل بشپ کونسل کے ارکان ،سیاسی و سماجی رہنماء اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج پاکستان مانومینٹ کے مقام پر ایسے مرد حریت کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے ایک صدی پر محیط اپنی زندگی کا غالب حصہ آزادی کی جدوجہد میں گزارا ۔سید علی گیلانی بارہ سال تک پابند سلاسل رہے اور شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ان کے جسد خاکی سے بھی اس قدر خوفزدہ تھی کہ ان کی نماز جنازہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔ اس مرد مجاہد کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے" آج ہر کشمیری کا نعرہ ہے،آج اس مقام پر ان کے نام سے موجود ایک کارنر تشکیل دیا گیا جس میں ان کے زیر استعمال چیزیں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کارنر میں وہ جائے نماز جس پر وہ نماز پڑھتے تھے ، اور وہ قرآن پاک جس کا وہ مطالعہ کرتے تھے موجود ہے ، جو قومیں اپنے اسلاف کو بھول جاتی ہیں وہ زندہ نہیں رہتیں ،وہ خواب جو سید علی گیلانی کی زندگی میں تشنہ رہا اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلیے ہم تحریک آزادی کشمیر سے مکمل طور پر جڑے رہیں گے،آج جس دلیر ،جری، بہادر اور نڈر مرد مجاہد کی یاد میں ہم اکٹھے ہوے ہیں جہاد فی سبیل اللہ پر ان کا یقین پختہ تھا، انشاءاللہ تحریک تکمیل پاکستان کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نریندر مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمہاری درندہ صفت بھارتی فوج اگر مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے باز نہ آئی تو بھارتی فوج کو اندر گھس کر ماریں گے، بلکہ اس دفعہ وہاں مقیم بھی رہیں گے ۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ کشمیر کیلیے تین جنگیں لڑی ہیں سات اور لڑیں گے ۔ آزادی کی جو شمع سید علی گیلانی نے اپنے خون کا چراغ جلا کر روشن کی تھی ہم نے اسے بجھنے نہیں دینا۔
اس موقع پر پاکستان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد ،ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ شہدائے کشمیر و پاک فوج اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔