امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے: مسعود پزشکیان

امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے: مسعود پزشکیان
کیپشن: امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے: مسعود پزشکیان

ویب ڈیسک: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت اپنے وعدوں پر عمل کرتا ہے تو ایران بھی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے ایسنا کا حوالہ دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اگر امریکا جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے تو ایران فوری طور پر مثبت جواب دے گا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر کے دستخط موجود تھے، تاہم دستاویز کے حوالے سے امریکی وابستگی دو ہفتوں سے بھی کم عرصے تک برقرار رہی۔

مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں، بلکہ اس کا مقصد خطے میں امن و سلامتی کا فروغ ہے۔

ایرانی صدر نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہوں تو اسرائیل کے لیے ان پر حملہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک باہمی مذاکرات اور تعاون کے ذریعے اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان معاہدہ مسلم دنیا میں اتحاد مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جبکہ دیگر علاقائی اور مسلم ممالک کی شمولیت سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔

Watch Live Public News