ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں میں یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ آیا 2 ستمبر کو بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ شدید بارش اور بعض اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے طلبہ کی حفاظت کے لیے یکم ستمبر کو ضلع بھر کے تمام تعلیمی ادارے ایک روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم، 2 ستمبر کی تعطیل سے متعلق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے تاحال کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ اس لیے نئے حکم نامے تک تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نیوکٹاریاں میں 186، گولڑہ میں 157، ایچ ایٹ میں 155 اور سیدپور میں 104 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 29 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 23.5 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد قریبی آبادیوں کے انخلا کا عمل شروع کردیا گیا۔
دوسری جانب 2 ستمبر پنجاب کے طلبہ کے لیے اہم دن ہے، کیونکہ صوبے کے تمام 9 تعلیمی بورڈز نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کرنے والے ہیں۔