ویب ڈیسک: لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے محکمہ تحفظِ ماحول پنجاب نے اسکولوں میں طلبہ، والدین اور عملے کے لیے کارپولنگ کو فروغ دینے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہی علاقے یا روٹ سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسٹاف باہمی رضامندی سے مشترکہ گاڑیوں کا استعمال کریں۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق اسکولوں کے اوقات میں گاڑیوں کی بڑھتی آمدورفت ٹریفک اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ کارپولنگ سے اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی تعداد اور غیر ضروری انفرادی سفر کم کیا جاسکتا ہے۔
ڈی جی ماحولیات کے مطابق لاہور میں گاڑیوں کا غیر ضروری استعمال فضائی آلودگی میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے، جس کے باعث اسموگ کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔