اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ موجودہ حکومت کی رخصتی کی جائے، کئی بار کہا عمران خان باوقار طریقہ اپنالیں، شکست نظر آرہی ہے تو شکست مان لیں اور استعفیٰ دیں۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل سےہم عوام کے مسائل کا حل نکالنے کا آغاز کرینگے، انتخابی اصلاحات کرکے ملک میں شفاف انتخابات کرائیں گے پھر عوام فیصلے کرے گی کہ وہ کسے منتخب کرتے ہیں ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ رمضان میں شیطان بند ہوجاتا ہے اور کل بنی گالہ کا شیطان بند کردینگے۔ کل سحری نئے پاکستان میں ہوگی اور افطار تک ہم پرانے پاکستان میں داخل ہوچکے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اسپورٹس مین اسپرٹ دکھانی چاہیے، وقت آگیا ہے کہ موجودہ حکومت کی رخصتی کی جائے، کئی دفعہ کہہ چکا ہوں کہ عمران خان باوقار طریقہ اپنالیں، شکست نظر آرہی ہے تو شکست مان لیں اور استعفیٰ دیں۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ آج عام آدمی شدید پریشان ہے،لوگوں کو امید کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی ، آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے مشکلات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہارا ہوا شخص کوشش کریگا کہ ملک میں بدامنی اور تصادم ہو لیکن کل عدم اعتماد پر ووٹنگ پرامن انداز میں ہونی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آج عام آدمی شدید پریشان ہے لوگوں کو تبدیلی کے نام پر امید کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی، آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے مشکلات ہیں، ہر صوبے سے تعلق رکھنے والوں نے 3 سال موجودہ رجیم کا مقابلہ کیا، میڈیا کی آزادی پر حملے برداشت کرنے والوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔