سابق گورنر  چوہدری محمد سرور کا سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے اسپتال ، تعلیمی اداروں کا دورہ

سابق گورنر  چوہدری محمد سرور کا سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے اسپتال ، تعلیمی اداروں کا دورہ

(ویب ڈیسک)سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ،رجانہ اور چیچہ وطنی میں قائم سرورفاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے اسپتال اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا ۔اس موقع پر سابق کرکٹر وقار یونس بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

 دورے کے دوران سابق گورنرو فاؤنڈر سرور فاؤنڈیشن نے فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والےسکول وکالج میں زیر تعلیم طلباء و طالبات سے ملاقات کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ دوسری سرور فاؤنڈیشن اسپتال رجانہ اور چیچہ وطنی میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا ۔

 اس موقع پر موجود مریضوں کا کہنا تھا کہ سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے اسپتال کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان اسپتالوں کی بدولت بڑے شہروں میں ملنے والی طبی سہیولیات ان چھوٹے علاقوں کے لوگوں کو مل رہی ہیں بلکہ مفت علاج کے باعث ان کی مالی معاونت بھی ہورہی ہے ۔

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چیچہ وطنی اسپتال میں موجود شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں منفی پہلو پر زیادہ بات کی جاتی ہے جبکہ مثبت پہلو کو کم اجاگر کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن بچوں کے پاؤں ٹیڑھے تھے اس اسپتال میں  ان کے پاؤں بغیر کسی معاضے کے بذریعہ آپریشن سیدھے کیے گئے ۔دنیا بھر سے آئے ہوئے ڈاکٹر و پیرا میڈیکل اسٹاف آپریشن کا حصہ بنے۔

سابق گورنر پنجاب  نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستان کے ڈاکٹر دنیا کے بہترین ڈاکٹر ہیں ۔سابق کرکٹر وقار یونس ان کے ہمراہ ویلفیئر کے کاموں کا جائزہ لینے ساتھ آئے جس پر وہ ان کے بے حد مشکور ہیں۔ان کا ساتھ آنا باعث مسرت ہے ۔

سابق گورنر چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ انہیں لوگوں کے چہروں پر خوشیاں لانی ہیں ۔آج ماؤں بہنوں ،بیٹیوں نے جتنی دعائیں دین وہ کسی اعزاز سے کم نہیں ۔

 انہوں نے ڈاکٹروں کی خدمات کو مزید سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ بھی پورا عملہ اسی طرح عوامی خدمت میں پیش پیش رہے گا اور دکھی انسانیت کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتا رہے گا ۔

جبکہ دوسری طرف لجنڈری کرکٹر وقار یونس نےچوہدری سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق گورنر و فاؤنڈر سرور فاؤنڈیشن کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے انہیں اس دورے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ جس جگہ ان کی ضرورت ہو گی سرور فاؤنڈیشن کے لیےان کی خدمات حاضر ہوں گی ۔ سرور فاؤنڈیشن کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبے کے لیے کام کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہے ۔

وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ اس مشکل دور میں ایسے پسماندہ علاقوں میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ایک احسن اقدام ہے جس پر چوہدری محمد سرور اور بیگم پروین سرور سمیت سرورفاؤنڈیشن کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔

دورے کے اختتام پر چیچہ وطنی میں موجود سرورفاؤنڈیشن رائے علی نواز اسپتال میں مختلف اوقات میں ہونے والے پولیو سے متاثرہ 150 سے زائد بچوں کے آپریشن کی کامیابی پر کیک کاٹا گیا اور ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ 

اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت ملک قاسم،معروف سماجی شخصیت حافظ امیر علی اعوان،سعد اشرف ،سینئر صحافی وتجزیہ کار ناصر اقبال، اینکر مناظر علی، پبلک نیوز کے اینکر اہتشام ، اینکر علینہ مظفر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

Watch Live Public News