بلوچستان کے ضلع خضدار کی پولیس نے کور کمانڈر کوئٹہ کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کر دی۔ ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی کے مطابق پولیس حکام کو کور کمانڈر کوئٹہ کے حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے مذکورہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ سسی پنہوں کے مزار کے قریب موسیٰ گوٹھ کے قریب واقع پہاڑ سے ملا ہے۔ ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، جس کے بکھرنے والے ملبے سے 2 لاشیں مل گئی ہیں، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ بلوچستان میں فوجی ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا ہے جس میں کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران سوار تھے، افسران لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کے امدادی مشن پر تھے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی و دیگر کے فوجی ہیلی کاپٹر کا لسبیلہ سے کراچی آتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، 12 کور کے انجینئر بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اور چیف نائیک مدثر بھی شامل تھے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر شخصیات کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔