ویب ڈیسک: اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا، جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ رات کے وقت محسوس کیا گیا جب شہری اپنی معمول کی سرگرمیوں میں مصروف تھے یا آرام کر رہے تھے۔
زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے شہر لاہور، راولپنڈی، خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، چارسدہ، ہری پور، ایبٹ آباد، سوات، ہزارہ ڈویژن، آزاد کشمیر کے علاقوں ہٹیاں بالا، جہلم ویلی، چناری، اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں شدت سے محسوس کیے گئے۔ اس دوران اسلام آباد میں تیز بارش بھی ہو رہی تھی، جس سے خوفزدہ شہری مزید پریشان ہو گئے۔
یورپی زلزلہ پیما مرکز (EMSC) کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.5 اور اس کی گہرائی 114 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مرکز کے مطابق زلزلہ افغانستان کے ہندوکش ریجن میں آیا، جو پاکستان کے ضلع باجوڑ سے تقریباً 102 کلومیٹر دور ہے۔ افغانستان اور تاجکستان میں بھی اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ماہرین ارضیات کے مطابق، ہندوکش خطہ ارضیاتی طور پر فعال زون میں شامل ہے جہاں زیرِ زمین پلیٹوں کی حرکت کے نتیجے میں ایسے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین شہریوں کو زلزلے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہیں، تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔