ویب ڈیسک: شرکاء نے پاک فوج اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
شمالی وزیرستان کے مرکزی علاقے میران شاہ میں پاک فوج کے تعاون سے قبائلی مشران و عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں مقامی عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جرگے کا مقصد علاقے میں دیرپا امن کا فروغ، فتنہ الخوارج کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا تھا۔
شرکاء نے اس موقع پر پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جرگے کے شرکاء نے پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فتنہ الخوارج اور شرپسند عناصر کی روک تھام پر متفقہ عزم کا اظہار کیا۔
اس اہم جرگے میں جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل عادل افتخار وڑائچ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قبائلی مشران کا کردار انتہائی کلیدی ہے۔
شرکاء نے پاک فوج کی جانب سے علاقے میں تعلیم و صحت، خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور ان اقدامات کو معاشرتی ترقی کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔