موسمیاتی تبدیلی سے مون سون کا دورانیہ بڑھنے کا امکان

موسمیاتی تبدیلی سے مون سون کا دورانیہ بڑھنے کا امکان
کیپشن: موسمیاتی تبدیلی سے مون سون کا دورانیہ بڑھنے کا امکان

ویب ڈیسک: ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں مون سون بارشوں کا پیٹرن تبدیل ہو رہا ہے، اور رواں سال جنوبی علاقوں میں اس کا دورانیہ ستمبر کے اختتام تک بڑھ سکتا ہے۔

عام طور پر جنوبی پاکستان میں مون سون کا سلسلہ 15 ستمبر تک ختم ہو جاتا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ 2025 میں اس کا اثر طویل ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق موسمی حالات میں غیر معمولی تبدیلیوں کے سبب مون سون ہوائیں اس بار ملک کے جنوبی حصے میں نسبتاً کم اثر انداز ہو رہی ہیں جبکہ شمالی و بالائی علاقوں میں ان کا دائرہ وسیع ہے۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 10 اگست کے بعد مون سون ہوائیں جنوب کی جانب منتقل ہو سکتی ہیں، جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور زیریں سندھ کے دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان بڑھ جائے گا۔ اگست کے وسط سے مون سون سسٹم کے جنوب میں متحرک ہونے کی توقع ہے، جو ان علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین نے واضح کیا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نہ صرف بارشوں کی شدت اور دورانیہ بدل رہا ہے بلکہ خطے کے درجہ حرارت، نمی اور ہوا کے دباؤ میں بھی غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہی عوامل پاکستان میں مون سون پیٹرن پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں۔

ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو منصوبہ بندی میں محتاط رویہ اپنانا چاہیے تاکہ ممکنہ شہری نقصانات سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News