عمران خان کا بیٹوں سے ٹیلیفونک رابطہ، پاکستان آنے کی تصدیق کردی

عمران خان کا بیٹوں سے ٹیلیفونک رابطہ، پاکستان آنے کی تصدیق کردی
کیپشن: عمران خان کا بیٹوں سے ٹیلیفونک رابطہ، پاکستان آنے کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے طویل ٹیلیفونک گفتگو کروائی گئی ہے، جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ ان کے بیٹوں سے بات چیت کے دوران ذاتی نوعیت کے موضوعات پر گفتگو ہوئی، اور وہ جلد ان سے پاکستان میں ملاقات کریں گے۔

عمران خان نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ اب انہیں جیل میں اخبارات اور ٹی وی کی سہولت دستیاب ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بیٹے کسی بھی سیاسی تحریک یا احتجاجی سرگرمی میں شریک نہیں ہوں گے۔ ان کے بقول، "میرے بچوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اور نہ وہ کسی تحریک کا حصہ ہیں۔"

اس حوالے سے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں بیٹوں کے پاس اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جاری کردہ قومی شناختی کارڈ (نائیکوپ) موجود تھا، جو حال ہی میں گم ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق بچوں نے نئے نائیکوپ اور ویزے کے لیے درخواست جمع کروائی، لیکن پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی درخواست انہیں موصول نہیں ہوئی۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس درخواست کا ٹریکنگ نمبر موجود ہے، جس کی بنیاد پر تصدیق ممکن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب ایک دوست نے پاکستانی سفیر سے رابطہ کیا تو جواب دیا گیا کہ معاملہ وزارتِ داخلہ کی اجازت سے مشروط ہے۔ علیمہ خان نے کہا، "میں نے کہا، جس سے بھی اجازت لینا ہو، محسن نقوی سے لے لیں۔ مگر اب ایمبیسڈر صاحب کسی سوال کا جواب نہیں دے رہے۔"

اس ساری صورتحال نے عمران خان کے بیٹوں کے ممکنہ پاکستان آنے سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ سیاسی و سفارتی حلقے معاملے کی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News