عمران خان کو  ’’کمپرومائز‘‘ پارٹی  لیڈرز سے زیادہ بشریٰ بی بی پر اعتماد ، مشال یوسفزئی

عمران خان کو  ’’کمپرومائز‘‘ پارٹی  لیڈرز سے زیادہ بشریٰ بی بی پر اعتماد ، مشال یوسفزئی

(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے دو قریبی معاونین نے دعویٰ کیا ہے کہ   عمران خان کو اپنی پارٹی کے ’’کمپرومائز‘‘ لیڈرز سے زیادہ بشریٰ بی بی پر اعتماد ہے۔ 

بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو اور ترجمان مشال یوسفزئی نے برطانوی اخبار  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما، بانی کی ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کرتے، جس کے سبب بشریٰ بی بی کو عملی میدان میں آگے لایا گیا۔ 

معاونین نے کہا کہ  فائنل کال کے احتجاج والے دن بھی بشریٰ بی بی نے صرف بانی پی ٹی آئی کی ہدایت اور ان کے مفاد کےلیے کام کیا۔

مشال یوسفزئی  کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، پارٹی قیادت کی طرف سے اپنی ہدایات عوام تک نہ پہنچانے اور ان کے جوڑ توڑ سے سخت مایوس ہیں۔ عمران خان  نے بشریٰ بی بی سے کہا ہے کہ وہ اب ان کا پیغام براہ راست پہنچائیں۔ 

مشال یوسفزئی کے مطابق بشریٰ بی بی کو سیاست کا تجربہ نہ ہونے کے سبب انہیں قطعی ہدایات دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ   بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کے ذریعے ہی فائنل کال کا پیغام دیا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر حتمی احتجاج کرو۔

مشال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سیاسی عزائم نہیں، وہ پُرسکون روحانی شخصیت ہیں، بشریٰ بی بی صرف بانی اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

بشری بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہا بانی کے قریبی ساتھیوں کا کردار مشکوک ہے، لگتا ہے کہ اپنے فائدے کیلئے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔   بشریٰ بی بی پر احتجاج کے دوران اسلام آباد کے مرکز جانے سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔

Watch Live Public News