سام سنگ کے پہلے ملٹی فولڈ فون کی لانچ نے کھلبلی مچا دی

سام سنگ کے پہلے ملٹی فولڈ فون کی لانچ نے کھلبلی مچا دی
کیپشن: سام سنگ نے اپنا پہلا ملٹی فولڈنگ فون، "گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ" لانچ کر دیا

ویب ڈیسک: سام سنگ نے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنا پہلا ملٹی فولڈنگ فون، " گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈلانچ کر دیا ہے۔ اس فون کو نئی ٹیکنالوجی کا سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق، گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ توجہ ضرور حاصل کرے گا، لیکن فولڈ ایبل ڈیوائسز ابھی بھی محدود صارفین تک ہی پہنچ پاتی ہیں، اس لیے اسے زیادہ تر ایک جدید نمائش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، نہ کہ ایک عام تجارتی پروڈکٹ کے طور پر۔

گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ کی قیمت تقریباً 35 لاکھ 90 ہزار وون (2440 ڈالرز یا 6 لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔ یہ ڈیوائس تین اسکرینوں پر مشتمل ہے اور کھل کر 10 انچ کے قریب ڈسپلے فراہم کرتی ہے، جو گلیکسی زیڈ فولڈ 7 کے مقابلے میں 25 فیصد بڑا ہے۔

کمپنی کے ایگزیکٹو نائب صدر الیکس لِم کے مطابق، یہ فون اُن صارفین کے لیے بنایا گیا ہے جو خاص طور پر ایسی ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھتے ہیں، نہ کہ عمومی فروخت بڑھانے کے لیے۔

گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ جنوبی کوریا میں تیار کیا گیا ہے اور 12 دسمبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ اسے چین، سنگاپور، تائیوان اور متحدہ عرب امارات میں بھی اسی سال فروخت کیا جائے گا، جبکہ امریکا میں اس کی فروخت اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔

اس فون میں سام سنگ کی فلیگ شپ رینج کی سب سے بڑی بیٹری رکھی گئی ہے، جو تیز رفتار چارجنگ کے ذریعے صرف 30 منٹ میں نصف چارج ہو سکتی ہے۔ تاہم، میموری اور دیگر اجزاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے اس فون کی قیمت کا تعین مشکل بنا دیا تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ ٹرائی فولڈ دراصل سام سنگ کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی کی نمائش ہے، کیونکہ یہ پہلا فون ہے جو تین جانب سے فولڈ ہوتا ہے اور کمرشل بنیادوں پر پیش کیا جا رہا ہے۔ این ایچ انویسٹمنٹ اینڈ سیکورٹیز کے تجزیہ کار ریو یونگ ہو کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ فرسٹ جنریشن ماڈل ہے، اس لیے اس کی پائیداری اور تکمیل کے بارے میں سوالات موجود ہو سکتے ہیں، اس لیے مارکیٹ کے ردعمل کا جائزہ لینا ضروری ہوگا۔

فولڈ ایبل مارکیٹ میں مقابلہ تیز ہونے والا ہے۔ چین کی ہواوے نے گزشتہ سال تھری فولڈنگ فون پیش کیا تھا، اور رپورٹس کے مطابق ایپل بھی اگلے سال اپنا پہلا فولڈ ایبل فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بڑے پیمانے پر پروڈکشن میں رکاوٹیں اس شعبے کی ترقی کو اگلے چند سالوں تک محدود رکھ سکتی ہیں۔

Watch Live Public News