معرکہ حق میں کامیابی تینوں افواج کی ہم آہنگی، اور فیلڈ مارشل کی قیادت کا نتیجہ ہے، ائیر چیف مارشل

معرکہ حق میں کامیابی تینوں افواج کی ہم آہنگی، اور فیلڈ مارشل کی قیادت کا نتیجہ ہے، ائیر چیف مارشل
کیپشن: آپریشن بنیان مرصوص میں ہم نے دشمن کو شکست دی, ائیر چیف مارشل

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی تینوں افواج کی ہم آہنگی، جارحانہ فیصلہ سازی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کا نتیجہ ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ اگر قومی خودمختاری کو دوبارہ چیلنج کیا گیا، تو دشمن پاک فضائیہ کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور بہتر تیار پائے گا۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ سعودی کیڈٹس کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی اور تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مادرِ وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کا مقدس فریضہ سونپا گیا ہے، اور قوم کی توقعات آپ کے کندھوں پر ہیں۔

انہوں نے معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی فتح کو قومی طاقت کے تمام عناصر کے متحدہ کردار اور اللہ کی خصوصی رحمتوں کا نتیجہ قرار دیا۔ ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کم تعداد میں لڑنے کی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے جدید طیارے مار گرائے اور دنیا کو فضائی طاقت کے جرات مندانہ استعمال کی ایک نئی مثال پیش کی۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے سمارٹ انڈکشن پروگرام کا ذکر کیا جس کے تحت جدید لڑاکا طیارے اور ٹیکنالوجیز کو ریکارڈ وقت میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر ملکی سلامتی کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

رسالپور میں اصغر خان اکیڈمی میں کیڈٹس کی گریجویشن کی شاندار پریڈ بھی منعقد ہوئی، جس میں 151 جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ، 108 ایئر ڈیفنس کورس کے کیڈٹس کے ساتھ نیویگیشن الفا، ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز اور لاجسٹکس کورس کے کیڈٹس نے بھی پاس آؤٹ کیا۔ اس پروقار تقریب میں سعودی ایئر فورس کے کیڈٹس نے بھی شرکت کی، جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

Watch Live Public News