ویب ڈیسک: تنازعات کی ملکہ راکھی ساونت پر ایک بار پھر دل ٹوٹنے کی کیفیت طاری ہے کیونکہ ایک پاکستانی اداکار ڈوڈی خان نے ان سے شادی سے انکار کردیا ہے، جس پر راکھی ساونت کے سابق شوہر ریتیش نے ایک ویڈیو میں اُن کا خوب مذاق اڑایا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق ویڈیو میں ریتیش زور زور سے ہنس رہے تھے اور انہوں نے کہا کہ وہ وہی شخص ہیں جنہوں نے ڈوڈی خان کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔انہوں نے راکھی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی پاکستان کی بہو نہیں بن سکتیں، جب تک وہ زندہ ہیں، وہ راکھی کو پاکستان کی بہو بننے نہیں دیں گے۔
ویڈیو میں ریتیش نے کہا کہ تم کیا سمجھتی ہو؟ میں ایسے ہی بےوقوف بیٹھا ہوں، ڈوڈی خان کی تم سے شادی کبھی نہیں ہو سکتی، میں یہ شادی نہیں ہونے دوں گا، یہ ریتیش سنگھ کا وعدہ ہے، اگر ڈرپوک دولہے کو چُنا گیا تو یہی ہوگا۔
ویڈیو میں آگے ریتیش نے مزید کہا کہ راکھی صرف تب ہی پاکستان کی بہو بن سکتی ہیں جب ہانیہ عامر اور دیگر پاکستانی اداکارائیں بھارت آئیں اور بھارتی مردوں کی دوسری بیویاں بن جائیں۔
ایک ویڈیو میں راکھی ساونت نے کہا تھا کہ وہ پاکستان جائیں گی اور ہانیہ عامر سے دوستی کریں گی، انہوں نے پاکستانی اداکارہ سے پوچھا کہ کیا ان کے گھر میں جگہ ہے، کیونکہ وہ دوست بن کر ان کے گھر آنا چاہتی ہیں، راکھی نے یہاں تک کہا کہ ہانیہ انہیں ہوائی اڈے سے ریسیو کرنے کا بھی کہہ چکی تھیں۔
بعدازاں پاکستانی اداکار ڈوڈی خان نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے راکھی سے شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم بعد میں وہ اس پیشکش سے پیچھے ہٹ گئے اور راکھی سے شادی میں درپیش مشکلات کا تذکرہ کیا۔
ڈوڈی خان نے راکھی کی ہمت کی تعریف کی، اپنی ویڈیو میں ڈوڈی نے کہا 'ہیلو بھارت اور پاکستان! میں نے راکھی کو اس لیے شادی کی پیشکش کی کیونکہ میں انہیں اچھی طرح جانتا تھا، جب میں نے ان کو جاننا شروع کیا تو مجھے محسوس ہوا کہ وہ خدا سے بہت محبت کرتی ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے، اپنے والدین کو کھو دیا، جب وہ بیمار تھے تو وہ ہر وقت اُن کے ساتھ رہیں، ایک آدمی ان کی زندگی میں آیا، آپ سب جانتے ہیں کہ اس نے اُن کے ساتھ کیا کیا، وہ بہت صدمے سے باہر نکل آئیں انہوں نے اسلام قبول کیا، عمرہ کیا اور اپنا نام بدل کر فاطمہ رکھ لیا، مجھے یہ سب بہت پسند آیا، اسی لیے میں نے ان سے شادی کی پیشکش کی تھی'۔
ڈوڈی خان نے مزید کہا کہ 'مجھے لگا کہ یہ شادی لوگوں کے لیے قابل قبول نہیں تھی کیونکہ راکھی کو شادی کی پیشکش کے بعد مجھے بہت سے منفی پیغامات اور ویڈیوز موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب راکھی کو صرف دوست سمجھتے ہیں اور وعدہ کیا کہ وہ ان کی دلہن نہیں بن سکتیں لیکن انہیں پاکستان کی بہو ضرور بنائیں گے۔