ویب ڈیسک: مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ردعمل دیتے ہوئے تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے سے عالمی کرکٹ پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ترجمان آئی سی سی نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ حکومتِ پاکستان نے ورلڈ کپ سے متعلق فیصلہ کیا ہے اور قومی ٹیم کو منتخب طریقہ کار کے تحت ٹورنامنٹ کھیلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ مؤقف کا انتظار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پوزیشن ایک عالمی اسپورٹس ایونٹ کی روح سے ہم آہنگ نظر نہیں آتی، اور نہ ہی یہ فیصلہ عالمی کھیل اور کرکٹ شائقین، بشمول لاکھوں پاکستانی مداحوں، کے مفاد میں ہے۔
آئی سی سی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے اس فیصلے سے گلوبل کرکٹ ایکو سسٹم متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی سی بی اس فیصلے کے پاکستان میں کرکٹ پر ممکنہ اثرات کو بھی مدنظر رکھے گا، کیونکہ پاکستان خود بھی عالمی کرکٹ نظام کا اہم حصہ اور مستفید ہونے والا ملک ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے بعض تحفظات کے باوجود ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کیا تھا تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی تاہم قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری 2026 کو شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر احتجاجاً بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔