ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف پابندیوں سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے ممکنہ فیصلے کے بعد آج آئی سی سی کی ورچوئل بورڈ میٹنگ متوقع ہے، جس میں پاکستان کی ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال آئی سی سی کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔ آئی سی سی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے انکار کی صورت میں پاکستان کو مالی جرمانے اور ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں شرکت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
مزید یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، آئی سی سی کے بعض رکن ممالک پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کر سکتے ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق براڈکاسٹرز کے ممکنہ نقصان کا ازالہ بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی تھی، تاہم حکومت نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 6 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔