ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیوشکلا نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کے فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے کوئی واضح بات نہیں ہو جاتی، بی سی سی آئی پاکستان کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔ راجیو شکلا نے مزید کہا کہ آئی سی سی نے اسپورٹس مین شپ کی اہمیت پر زور دیا ہے اور وہ آئی سی سی کے مؤقف سے مکمل طور پر متفق ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش نے عدم تحفظ کی بنیاد پر آئی سی سی سے اپنے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی ، تاہم آئی سی سی نے معاملہ حل کرنے کی بجائے اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر، پاکستان نے بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کے طور پر بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہونے والے ہائی وولٹیج میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔