پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور مشیر زراعت منظور وسان نے نئے سال میں نئی پیش گوئیاں کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے نئے سال میں نئی پیش گوئیاں کردی ہیں ۔منظور وسان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اسی سال وطن واپس آئیں گے ، نیا سال پی پی پی کے لئے بہتر،پارٹی کو دیگر صوبوں میں مضبوط ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ پی پی رہنما منظوروسان نے پیش گوئی کی کہ رواں سال 2023 میں عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں، عمران خان پر مصیبتیں منڈلاتی رہیں گی، عمران خان کو کچھ اداروں نے بنایا تھا، اب وہ انکے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں وہ علیحدگی اختیار کرکے دوسری پارٹی بنائیں گے یا پرانی پارٹیوں میں واپس جائیں گے، عمران خان کو کسی نہ کسی دیوار کے اندر قید دیکھ رہاہوں۔ منظور وسان نے پیشگوئی کی کہ رواں سال میں عمران خان کو سندھ یا بلوچستان کی جیلوں میں دیکھ رہا ہوں، عمران خان کا جب باجوہ صاحب نے ساتھ دیا تھا تب وہ کیوں خاموش تھے؟۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم آنکھیں نہیں دکھائے گی ایم کیو ایم اور ہم ساتھ رہیں گے، ہر پارٹی کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنی ڈیمانڈ رکھے۔ پی پی رہنما نے مزید کہا کہ رواں سال کوشش کی جائے گی کہ چند وڈیروں اور جی ڈی اے کو پی پی پی مخالف مقابلہ کروایا جائے گا، مگر کچھ جی ڈی اے کے لیڈر ہمارے ساتھ ہونگے۔ ملک جیسےپہلے چلتا تھا ہےایسےہی چلتارہے گا،مزیداکنامک اشوز سامنے آئیں گے۔