سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب

سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور: وزیر اعلی ٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے لاہور میں مصنوعی بارش کرنے والی متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کی کلاؤڈ سیڈنگ ٹیم کے سربراہ احمد الکمال کی سربراہی میں وفدنے وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں چیف پائلٹ مائیکل اینسٹس(Mr.Michael Anstis) اورپائلٹ کرنل عبید شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سموگ میں کمی کے لئے مصنوعی بارش برسانے والے یو اے ای کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اوران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت لاہور میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی بارش برسانے پر متحدہ عرب امارات کے تعاون پر شکریہ ادا کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی اورمتحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسا ئے گی تاکہ سموگ لیول میں مزید کمی لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کا لاہور میں کامیاب تجربہ کیا گیااورایئر کوالٹی لیول کئی روز 200سے نیچے رہا۔امید ہے کہ جنوری میں مناسب بادل آتے ہی دوبارہ مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔ پاکستان میں پہلی بارمصنوعی بارش برسا کریواے ای کی ٹیم کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کے پائلٹس کی اس کاوش کو فراموش نہیں کرسکتے۔مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے بے پایاں تعاون کے مشکور ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سربراہ احمدالکمال نے کہا کہ امید ہے کہ جنوری میں مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسانے کا دوسرا تجربہ کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے سربراہ احمد الکمال اور وفد کے دیگر ارکان نے شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لاہور میں بہت پیار ملا،پاکستان ہمارا دوسر اگھر ہے۔ صوبائی وزراء عامر میر،بلال افضل،مصنوعی بارش کے ماہر بریگیڈیئر ندیم،ڈی جی انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی،چیف میٹرولوجسٹ چودھری محمد اسلم،سیکرٹری وزیراعلیٰ، سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی محمد الطاف اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔