ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ ایشیز سیریز کا سڈنی میں ہونے والا پنک ٹیسٹ اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلیں گے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ اپنے کیریئر کا 88 واں ٹیسٹ کھیل کر کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ 39 سالہ عثمان خواجہ نے 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 15 سالہ طویل کیریئر میں 6 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔
عثمان خواجہ نہ صرف میدان میں بلکہ میدان سے باہر بھی ایک مضبوط شناخت رکھتے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے انہوں نے فلاحی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
2023 میں عثمان خواجہ کو آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ وہ اسی سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ انہیں سب سے زیادہ احساس قناعت حاصل ہے اور وہ آسٹریلیا کی نمائندگی کے مواقع ملنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ان کے سفر نے لوگوں کو متاثر کیا ہوگا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے عثمان خواجہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی اور عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے آسٹریلوی کرکٹ پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوں نے عثمان خواجہ کو ایک اسٹائلش اور اعلیٰ درجے کا بیٹر قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔