اعتماد سازی کیلئے ملک کی 5اہم شخصیات کو رابطہ کرنا ہوگا، رانا ثنااللہ

اعتماد سازی کیلئے ملک کی 5اہم شخصیات کو رابطہ کرنا ہوگا، رانا ثنااللہ
کیپشن: اعتماد سازی کیلئے ملک کی 5اہم شخصیات کو رابطہ کرنا ہوگا، رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں بہتری اسی صورت ممکن ہے جب پانچ بڑی سیاسی شخصیات آپس میں اعتماد سازی کے لیے رابطہ کریں اور مل بیٹھیں، محض نچلی سطح کے سیاسی رابطوں سے کوئی بریک تھرو ممکن نہیں ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جس طرح 2025 میں معاشی میدان میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی، اسی طرح امید ہے کہ 2026 ملک کے لیے مزید استحکام کا سال ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سنجیدہ اور بامقصد مکالمہ ناگزیر ہے۔

رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے، جو بند ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہو سکتی کہ ان اکاؤنٹس پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں۔ اگر یہ اکاؤنٹس محض پروپیگنڈا کے لیے استعمال ہو رہے ہیں تو انہیں ریاستی اداروں کے بجائے سیاسی مخالفین تک محدود رکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی 8 فروری کو دی گئی احتجاجی کال کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ پہیہ جام ہوگا اور نہ ہی اس سے کوئی سیاسی فائدہ حاصل ہوگا، بلکہ اس کے نتیجے میں مزید نقصانات ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پہیہ جام کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت ردعمل آئے گا، اس لیے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اپیل واپس لے لینی چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے ایک بار پھر زور دیا کہ ملک کے پانچ بڑے رہنماؤں کے درمیان اعتماد سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ان شخصیات میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ایک اور اہم قومی شخصیت شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ان رہنماؤں کے درمیان سنجیدہ رابطہ نہیں ہوگا، کسی بڑی سیاسی پیش رفت کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

Watch Live Public News