ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں شیڈول بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا مختصر اجلاس منعقد ہوا، جس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 اور 30 دسمبر کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر غور کیا گیا، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے کابینہ کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر کی بریفنگ کے بعد وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو دوبارہ ملتوی کرنے کی منظوری دے دی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی نظام کے تحت انتخابات کرانے سے متعلق قانون سازی کی بھی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی، جبکہ 16 سے 19 فروری کے دوران نتائج مرتب کیے جانا تھے۔