ویب ڈیسک: بھارت میں بندروں کے حملے سے ایک بزرگ خاتون زخمی ہو گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بھارت کی ریاست ہریانہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر کے باہر کرسی پر بیٹھی بزرگ خاتون پر بندروں کے گروہ نے حملہ کر دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بزرگ خاتون گھر کے باہر گلی میں کرسی پر بیٹھی دھوپ سینک رہی ہیں کہ اچانک ایک کے بعد ایک کئی بندر آئے اور ان پر حملہ آور ہو گئے۔
ایک بندر نے خاتون کو کرسی سے گرانے کی کوشش کی تو دوسرا ان کے بال نوچنے لگا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کے جسم پر تین زخم آئے جس کے نتیجے میں انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں بندروں کے حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بندر نومولود بچوں کو اٹھا کر بھی بھاگ چکے ہیں جبکہ اکثر راہگیروں کے بیگ اور کھانے پینے کی اشیا لے کر رفو چکر ہو جاتے ہیں۔