ویب ڈیسک: ایپل رواں سال کے آغاز ہی میں صارفین کو مختلف نئی اپ ڈیٹس اور ڈیوائسز کے ذریعے حیران کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنوری 2026 سے ایپل کی جانب سے متعدد اہم پروڈکٹس اور سوفٹ ویئر اپ ڈیٹس متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو ایک مصروف اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور سال کی نشاندہی کرتا ہے۔
ایپل ممکنہ طور پر 14 انچ اور 16 انچ میک بک پرو ماڈلز متعارف کرائے گا جن میں جدید ایم 5 پرو اور ایم 5 میکس چِپس شامل ہوں گی۔ یہ نئی چپس صارفین کو زیادہ تیز، مؤثر اور بہتر کارکردگی فراہم کریں گی۔
رپورٹس کے مطابق ایپل سال کے آخر یا سنہ 2027 کے آغاز میں میک بک پرو کا بڑا ری ڈیزائن بھی پیش کر سکتا ہے۔
ایپل ایک نسبتاً سستا میک بک ماڈل بھی متعارف کرا سکتا ہے جو اے 18 پرو چپ پر چلنے والا ہوگا۔ یہی چپ آئی فون 16 پرو میں استعمال کی گئی ہے۔
اگر یہ ڈیوائس لانچ ہوتی ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ ایپل کسی میک میں آئی فون کلاس چِپ استعمال کرے گا۔
ممکنہ طور پر اس میک بک کی قیمت ایک ہزار ڈالر کے قریب ہوگی جس میں 12.9 انچ ڈسپلے اور مختلف دلکش رنگوں کے آپشنز شامل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مزید ڈیوائسز بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جن میں ایم 5 میک بک ایئر، نیا آئی پیڈ ایئر اور ریفریشڈ بیس آئی پیڈ شامل ہیں جن کی لانچ مارچ میں متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ایپل فروری میں اپڈیٹڈ میک منی، میک اسٹوڈیو اور آئی فون 17 ای بھی لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ایپل جنوری میں آئی او ایس 26 اعشاریہ 3 جاری کر سکتا ہے جس میں معمولی بہتریاں، یورپی یونین کے لیے مخصوص تبدیلیاں اور آئی فون و اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے درمیان بہتر باہمی مطابقت شامل ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اپ ڈیٹس اور نئی ڈیوائسز ایپل صارفین کے لیے سنہ 2026 کو ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایک اہم سال بنا سکتی ہیں۔