ویب ڈیسک: سعودی عرب میں زچگی کے بعد کام کرنے والی خواتین کو تین ماہ تک مکمل تنخواہ کی ادائیگی کا قانون باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ سہولت سعودی اور غیر ملکی خواتین، دونوں کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہوگی۔
سعودی جنرل سوشل انشورنس ادارے کے مطابق یہ اقدام سوشل سکیورٹی انشورنس پالیسی کے تحت شاہی فرمان کے ذریعے 2 جولائی 2024 کو منظور کیا گیا تھا۔
قانون کے مطابق، زچگی الاؤنس بچے کی پیدائش کے فوراً بعد سے شروع ہو کر تین ماہ تک جاری رہے گا۔ تاہم، اگر نومولود کسی بیماری یا معذوری کا شکار ہو تو، ایک اضافی مہینے تک اس الاؤنس میں توسیع مشروط طور پر دی جا سکتی ہے۔
یہ نیا قانون کام کرنے والی خواتین کے لیے ایک اہم سہولت اور سماجی تحفظ کی جانب مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔