ویب ڈیسک: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے یورپی بلاک کے فوکل پرسن پرویز علی سندھیلا نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اہم خط لکھ کر بھارت کی جانب سے پاکستان کو بین الاقوامی ہاکی ایونٹس سے باہر نکالنے کی کوششوں پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خط میں وزیرِاعظم کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے آئندہ برس منعقد ہونے والے ایشیا کپ (اگست 2025) اور جونیئر ورلڈ کپ (نومبر 2025) میں شرکت کرنی ہے، جن کا انعقاد بھارت میں متوقع ہے۔ تاہم بھارتی ہاکی لابی نے پاکستان کو ان ٹورنامنٹس سے باہر نکالنے کے لیے قبل از وقت سفارتی لابنگ شروع کر دی ہے۔
پرویز علی سندھیلا نے خط میں اس تشویشناک صورتحال کے تناظر میں وزیرِاعظم پاکستان کو بطور پیٹرن انچیف پاکستان ہاکی فیڈریشن فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں نہ تو مؤثر عالمی رابطے ہیں اور نہ ہی بین الاقوامی سطح پر مؤثر مؤقف پیش کرنے کی صلاحیت۔

خط میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے حکمتِ عملی کو سراہا گیا ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ ہاکی کے شعبے میں بھی ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے، جیسے وہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کردار ادا کر چکے ہیں۔
پرویز سندھیلا نے سفارتی سطح پر فوری رابطوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت، دفترِ خارجہ، وزارت داخلہ اور وزارت بین الصوبائی رابطہ (IPC) کو فعال کیا جائے۔ خاص طور پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ہدایت دی جائے کہ وہ بنگلہ دیش، چین اور ملائیشیا کی حکومتوں سے رابطہ کرکے پاکستان کے حق میں حمایت حاصل کریں۔
خط میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ایک مؤثر اور مضبوط ہاکی قیادت کو آگے لایا جائے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کر سکے اور لابنگ کر کے بھارت کی سازشوں کو ناکام بنائے۔