ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ میں امریکا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوسنیا کو 2-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
امریکی ٹیم کی جانب سے فولارین بالوگون اور ملک ٹِلمن نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں فولارین بالوگون کو جارحانہ رویے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے باعث انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔
پری کوارٹر فائنل میں امریکا کا مقابلہ 7 جولائی کو بیلجیئم سے ہوگا۔ بیلجیئم نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد سینیگال کو اضافی وقت میں 3-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔
مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 سے برابر تھا، تاہم اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ملنے والی پینلٹی پر یوری ٹیلیمانس نے فیصلہ کن گول کر کے بیلجیئم کو فتح دلائی۔
ایک اور اہم میچ میں ڈی آر کانگو نے انگلینڈ کو سخت ٹکر دی، تاہم انگلش ٹیم ممکنہ اپ سیٹ شکست سے بچنے میں کامیاب رہی۔ کپتان ہیری کین کے گولز کی بدولت انگلینڈ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
راؤنڈ آف 16 میں انگلینڈ کا مقابلہ 6 جولائی کو میزبان میکسیکو سے ہوگا۔