سانحہ کاہنہ: 14 بچوں کی ہلاکت کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال

سانحہ کاہنہ: 14 بچوں کی ہلاکت کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال
کیپشن: سانحہ کاہنہ: 14 بچوں کی ہلاکت کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں 14 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چھت پر اضافی ملبہ اور مٹی ڈالنے کے باعث ساخت کمزور ہوئی، جبکہ ٹی آر گارڈر پر مبنی پرانی چھت اضافی وزن برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔ ماہرین کی آراء بھی رپورٹ کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے وقت خاتون ٹیچر سمیت 20 بچے کمرے میں موجود تھے۔ متاثرہ ٹیچر 34 بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی تھیں تاہم حادثے کے وقت 20 بچے حاضر تھے، جن میں سے 14 جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بیشتر بچوں کی اموات سر پر شدید چوٹیں لگنے کے باعث ہوئیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے میں کسی سرکاری اہلکار کی براہِ راست غفلت کے شواہد تاحال سامنے نہیں آئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے گھر کے مالک اور اس کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ شروع کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں تمام ٹیوشن سینٹرز کے لیے حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

Watch Live Public News