ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) کے ملازمین کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر 10.49 فیصد اضافے اور محدود بونس کی منظوری دے دی۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے 4.49 فیصد جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر 6 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک بنیادی تنخواہ کے برابر بونس کی بھی منظوری دی گئی، جس کے لیے 5 کروڑ 56 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔
ریگولیٹر نے تنخواہوں کے لیے ایک ارب 58 کروڑ روپے اور ملازمین کی مراعات کے لیے 24 کروڑ 90 لاکھ روپے کی منظوری دی، تاہم کمپنی کے متعدد اخراجات میں نمایاں کٹوتی کر دی۔
نیپرا نے نئی بھرتیوں، اسٹاف ٹریننگ، آئی ٹی سروسز، گاڑیوں کی مرمت، انتظامی اخراجات، کنسلٹنٹس اور ہیڈ ہنٹنگ فرمز کے لیے مانگی گئی رقوم جزوی یا مکمل طور پر مسترد کر دیں۔
نیپرا نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ بجلی بحران کے موجودہ حالات میں صارفین پر غیر ضروری مالی بوجھ منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔