ویب ڈیسک: قربانی کے رنگوں اور خوشیوں سے بھرپور ماحول میں اداکار منیب بٹ کو ایک انوکھے اور حیران کن واقعے کا سامنا کرنا پڑا، جب ان کا خوبصورت قربانی کا اونٹ فرار ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق منیب بٹ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک خاص اونٹ خریدا تھا، جسے خوبصورت انداز میں سجایا گیا لیکن محلے کے بچوں کی شوخی نے سب کچھ بگاڑ دیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچوں نے اونٹ کو پتھر مارنا شروع کر دیے، جس کے باعث وہ ڈر کے مارے رسی تڑوا کر بھاگ نکلا۔
یہ واقعہ صرف محلے کی حد تک محدود نہ رہا، بلکہ جلد ہی اونٹ کی گلیوں میں بھاگتے ہوئے ویڈیو انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اونٹ خراماں خراماں گلیوں میں گھوم رہا ہے جبکہ لوگ اسے راستہ دے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ منال خان نے بھی ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی اور منیب بٹ و ان کی اہلیہ ایمن خان کو ٹیگ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا:’’آپ کا اونٹ وائرل ہوگیا ہے!‘‘

منیب بٹ نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا، ’’ہاں، یہ واقعہ کل پیش آیا تھا۔ ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو پتہ چلا کہ کچھ بچے اونٹ پر چھوٹے چھوٹے پتھر مار رہے تھے، جس سے وہ گھبرا کر بھاگ گیا۔‘‘
منیب بٹ نے واقعے کے بعد مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے ساتھ احسن سلوک روا رکھیں اور انہیں اذیت یا خوف نہ پہنچائیں کیونکہ یہ عمل نہ صرف اخلاقاً غلط ہے بلکہ جانوروں کو بے قابو بھی کر سکتا ہے۔

عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں سے جڑی یہ کہانیاں نہ صرف عوامی توجہ حاصل کر رہی ہیں بلکہ سوشل میڈیا کی زینت بھی بن رہی ہیں۔