(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 3 نہیں، 4 رافیل طیارے گرائے۔ بھارت سے 71 کی جنگ کا بدلہ لے لیا۔ اب بھارت پاکستان پر دوبارہ حملے نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے گرائے، پاکستان نے بھارت کے 3 نہیں، 4 رافیل طیارے گرائے، پاکستان نے 10 مئی کو بھارت سے 71 کی جنگ کا بدلہ لے لیا، اب بھارت پاکستان پر دوبارہ حملے نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ 10 مئی کی رات بھارتی میزائل حملے سے قبل ہی ہم جوابی حملے کا فیصلہ کر چکے تھے، بھارتی رویے نے کئی ممالک کو پاکستان کے لیے نیوٹرل کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کو پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے تحقیقات کی پیشکش قبول کرنے کے بجائے الٹا حملہ کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر بھارت سے بیٹھ کر بات کریں گے، تجارت اور دہشت گردی کے مسئلے پر بھی گفتگو کے لیے تیار ہیں، کشمیر کے بغیر بھارت سے بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کے لیے پاکستان تیار ہے، ملاقات کے معاملے پربھارت لت ولعل سے کام لے رہا ہے، مودی کے شکست خوردہ بیانات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ کے لیے آئی ایم ایف سے بات چیت کامیاب ہوگئی ہے، حکومت نے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے، اب معاشی ترقی کا سفر طے کریں گے۔