”بچہ پارٹی کے پاس سینیٹ الیکشن کے بعد کچھ نہیں بچے گا“

”بچہ پارٹی کے پاس سینیٹ الیکشن کے بعد کچھ نہیں بچے گا“

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج شادیانے بجانے والے 3 مارچ کو ماتم کریں گے، ان کی عارضی خوشی مستقل روگ بن کر سامنے آئے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے، جعلی راجکماری کے ابا جی اور چاچا جی اعلیٰ عدلیہ پر حملہ آور ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا (ن) لیگ کی اداروں کو متنازع بنانے کی تاریخ ہے، ان لوگوں نے ماضی اور حال میں ہر قومی ادارے کے خلاف گھٹیا پراپیگنڈہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے چھانگا مانگا کی سیاست کر کے نوٹوں کے ذریعے منڈیاں لگائیں، اب بکرمنڈیاں نہیں لگائی جا سکیں گی کیونکہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو شفاف طریقہ کار کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہا (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو فیصلہ پڑھے بغیر ہی ڈگڈگی بجانے کا شوق ہے، بچہ پارٹی کے پاس سینیٹ الیکشن کے بعد کچھ نہیں بچے گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو بریف کیس سیاست کے خاتمے کیلئے اعلیٰ عدلیہ میں گئی، ہم نہ صرف سینیٹ الیکشن بلکہ عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن کو بھی شفاف بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کیلئے پرعزم ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔