ایرانی فوج کا جوابی کارروائی میں 560امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

ایرانی فوج کا جوابی کارروائی میں 560امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
کیپشن: ایرانی فوج کا جوابی کارروائی میں 560امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک: ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایرانی فوج نے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا دعویٰ کیا ہے، تاہم امریکی حکام نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔

ایرانی فوج کے مطابق ایران کے جوابی حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تین امریکی اور برطانوی آئل ٹینکروں پر بھی حملے کیے گئے، جو مبینہ طور پر خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

ایرانی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یوایس ایس ابراہم لنکن کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور امریکی بحری بیڑے پر چار میزائل فائر کیے گئے۔

دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن ایرانی میزائلوں کی زد میں نہیں آیا اور نہ ہی کوئی میزائل بحری بیڑے کے قریب پہنچ سکا۔

سینٹ کام کے مطابق ایرانی حملوں میں تین امریکی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران کے اندر ایک ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے اور بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری ہیں۔

دونوں جانب سے سامنے آنے والے متضاد دعوؤں کے باعث صورتحال بدستور غیر یقینی ہے، جبکہ آزاد ذرائع سے تمام دعوؤں کی مکمل تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

Watch Live Public News