پنجاب میں موٹرسائیکل سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لازمی قرار دینے کا فیصلہ

پنجاب میں موٹرسائیکل سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لازمی قرار دینے کا فیصلہ
کیپشن: پنجاب میں موٹرسائیکل سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لازمی قرار دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال مزید مؤثر بنانے کے لیے موٹرسائیکلوں سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس اقدام کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی کے لیے ای ٹیگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس سے مشتبہ سرگرمیوں کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔

اجلاس میں پنجاب سائبر کرائم انویسٹی گیشن یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ یونٹ کے سربراہ کی تقرری کی اجازت بھی دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق سائبر کرائم کا شکار خواتین اور بچیوں کے لیے خصوصی سیل قائم کیا جائے گا اور اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سینٹرز بنائے جائیں گے۔

سیکیورٹی سخت کرنے کے لیے غیر روایتی داخلی راستوں سے آمدورفت روکنے، صوبائی سرحدی پوائنٹس پر سرچ لائٹس اور ڈرون سرویلنس نصب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سیکیورٹی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے جدید ڈرون ڈیفنس سسٹم کی فوری خریداری کے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ڈرون کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صوبے میں امن و امان کو مستحکم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

Watch Live Public News