ویب ڈیسک: حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سکھ برادری نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کے ساتھ مکمل طور پر یکجہت اور وفادار ہے۔ سکھ رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان سکھ کمیونٹی کے چیئرمین رادیش سنگھ نے بیان دیا کہ "ہم پہلگام واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تمام دنیا اور پاکستان کی سکھ برادری پاکستان کے ساتھ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقلیتوں کا محافظ ہے اور سکھ برادری کو یہاں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
سکھ رہنما سربت سنگھ نے خبردار کیا، "یہ نہ ہو کہ ہندوستان کی سکھ برادری بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے۔ اگر حالات ایسے رہے تو پاکستانی سکھ گولڈن ٹیمپل تک پہنچ کر ارداس کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔"
اسی طرح معروف سکھ شخصیت ہربجن سنگھ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، " پاکستان کے دفاع کے لیے سب سے پہلے ہم حاضر ہوں گے۔ ہمارا ایک ایک خون کا قطرہ پاکستان کے لیے لڑے گا۔"
دوسری جانب وریام سنگھ نے کہا، "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان زندہ باد! یہ ہمارا ملک، ہماری زمین اور ہماری ماں ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام اقلیتیں متحد ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
سکھ برادری کا یہ مؤقف واضح پیغام ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں مادرِ وطن کے ساتھ ہیں اور کسی بھی بیرونی پروپیگنڈے یا سازش کا شکار نہیں ہوں گی۔