ویب ڈیسک: پروفیشنل باکسنگ کی دنیا میں پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے، جہاں تھائی لینڈ میں 3 مئی کو ایک ہائی وولٹیج مقابلہ شیڈول ہے۔ سندھ پولیس کے کمانڈو اور معروف پروفیشنل باکسر شہیر آفریدی بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا سے ٹکرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقابلہ مڈل ویٹ کیٹیگری کی رینکنگ فائٹ ہوگی جس میں کامیابی کی صورت میں شہیر آفریدی کا نام دنیا کے ٹاپ 50 باکسرز کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔
شہیر آفریدی اب تک 17 پروفیشنل فائٹس میں حصہ لے چکے ہیں، جن میں سے 15 میں فتح حاصل کی، صرف ایک ہارے جبکہ ایک مقابلہ برابر رہا۔ ان کے بھارتی حریف ترجوت سنگھ باوا تاحال پروفیشنل کیریئر میں ناقابل شکست ہیں، جس سے اس فائٹ کی اہمیت اور سنسنی مزید بڑھ گئی ہے۔
شہیر آفریدی نے کہا ہے کہ وہ صرف ایک باکسنگ فائٹ نہیں بلکہ قوم کی عزت کے لیے رنگ میں اتریں گے اور بھارتی غرور کو خاک میں ملانے کے لیے پوری تیاری کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔
دونوں باکسرز کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ جنوبی ایشیا میں پروفیشنل باکسنگ کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے، جس کا شائقین کو بے چینی سے انتظار ہے۔