ویب ڈیسک: 7.4 شدت کے زلزلے نے چلی اور ارجنٹائن کو ہلا کر رکھ دیا، چلی اور ارجنٹائن میں سونامی کی وارننگ جاری، زلزلے کا مرکز کیپ ہارن اور انٹارکٹیکا کے درمیان کا علاقہ تھا، گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی.
جمعہ کے روز چلی اور ارجنٹائن کے جنوبی ساحلوں کے قریب 7.4 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا جس سے خطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کے بعد چلی کی حکومت نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئےجنوبی امریکی ملک کے انتہائی جنوب میں واقع آبنائے میگیلان کے پورے ساحلی حصے کے لیے انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
چلی کی نیشنل سروس فار ڈیزاسٹر پریوینشن اینڈ ریسپانس نے سونامی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ماگالانس ریجن اور انٹارکٹیکا کے ساحلی علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا ہے، ان علاقوں میں موجود شہریوں، سیاحوں اور کارکنوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق کچھ علاقوں میں سمندر کی سطح میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا ہے، جس کے باعث تشویش میں اضافہ ہوا ہے، تاحال زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ حکام صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور امدادی ٹیمیں ہنگامی حالت میں تیار ہیں۔
ماہرین کے مطابق، زلزلے کا مرکز چونکہ سمندر کے نیچے تھا، اس لیے سونامی کا خطرہ موجود ہے،عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری اطلاعات پر توجہ دیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔